حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز نے مارجن میں اضافے پر اتفاق کیا ہے جس کے مطابق مارجن میں اضافہ ایک بار کے بجائے ہر پندرہ دن میں چار مرحلوں میں 41 پیسے کے حساب سے کیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان سات گھنٹے کامیاب مذاکرات کے بعد مارجن بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔باخبر ذرائع کے مطابق کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ تیار کر لیا گیا ہے۔ جس پر وزارت پیٹرولیم، اوگرا اور ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما دستخط کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے مصنوعات پر مارجن 1.64 روپے فی لیٹر بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے کئی گھنٹوں کے انکار کے بعد، آخر کار مارجن میں اضافہ ایک بار کے بجائے ہر پندرہ دن بعد چار مرحلوں میں دیا جائے گا۔ مارجن میں ہر 15 دن میں 41 پیسے کی شرح سے اضافہ کیا جائے گا۔
پٹرولیم ڈیلر ذرائع کے مطابق مکمل مجوزہ اضافہ دو ماہ میں مل جائے گا۔ اس وقت ڈیلرز کا مارجن فی لیٹر 6 روپے ہے جو دو ماہ میں بڑھ کر 7.64 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔ پیٹرولیم ڈیلرز مصنوعات پر 11 روپے فی لیٹر مارجن کا مطالبہ کر رہے تھے۔