دسمبر 2019ء میں 13 ویں جنوبی ایشین گیمز کے دوران 3 ایتھلیٹس محبوب علی ،محمد نعیم اور سمیع اللہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا، تینوں کھلاڑیوں پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ اتھارٹی کے قوانین کے تحت اگست 2020ء میں 4 سال کی پابندی عائد کی گئی
لاہور ( تازہ ترین ۔ 16 مارچ 2021ء ) پاکستان نیپال اولمپک ایسوسی ایشن کو 2 سونے اور 9 کانسی کے تمغوں سمیت 11 ایتھلیٹک میڈلز واپس کرچکا ہے۔ میڈلز کو کورئیر سروس کے ذریعے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے واپس بھیجا تھا۔ دسمبر 2019ء میں نیپال میں منعقدہ 13 ویں جنوبی ایشین گیمز کے دوران پاکستان کے تین ایتھلیٹس محبوب علی (400 میٹر ہرڈلز) ، محمد نعیم (110 میٹر ہرڈلز) اور سمیع اللہ (100 میٹر سپرنٹ) کا ڈوپ ٹیسٹ اینابولک اینڈروجینک سٹیرائڈز کے استعمال کے باعث مثبت آیا۔
ان تینوں کھلاڑیوں پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ اتھارٹی (واڈا) کے قوانین کے تحت اگست 2020ء میں چار سال کے لئے پابندی عائد کردی گئی تھی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ایک اہلکار کا کہنا تھھا کہ ہم نے سونے کے 2 اور کانسی کے 9 تمغوں سمیت مجموعی طور پر 11 میڈلز لوٹائے ہیں، چونکہ یہ کھلاڑی بھی ریلے ریس کا حصہ تھے لہذا ریلے ٹیموں کے تمام ممبروں کے میڈلز (8 کانسی اور ایک انفرادی کانسی کا تمغہ) کو بھی نیپال بھیج دیا گیا تھا ۔