واشنگٹن: اینڈرائیڈ فون نے جہاں ایک طرف آسانیاں پیدا کردی ہے تو دوسری جانب فیچر فون سے اینڈرائڈ پر منتقل ہونے والے صارفین کے لیے یہ کبھی کبھی درد سر بن جاتا ہے۔ مستقل نوٹیفیکیشن، اسکرین کی روشنی کم زیادہ ہونا اور اپنی مطلوبہ ایپلی کیشن کی تلاش صارف کودق کردیتی ہے۔
بلاٹ ویئر ایپس
تقریبا ہراسمارٹ میں تیار کنندہ کی جانب سے کچھ ایپلی کیشن پہلے سے ہی انسٹال ہوتی ہیں اور آپ انہیں ان انسٹال بھی نہیں کر سکتے۔ ان ایپس کو ’بلاٹ ویئرایپس‘ کہا جاتا ہے۔ آپ کا فون چاہے کسی ان برانڈڈ کمپنی کا ہو یا سام سنگ، گوگل یا ون پلس کا، یہ بلاٹ ویئر ایپس تقریبا ہر برانڈ کے اسمارٹ فون میں پائی جاتی ہیں۔
اگر آپ کے موبائل میں بھی ایسی ایپس موجود ہیں تو یا تو آپ انہیں ان انسٹال کردیں یا پھرآپ سیٹنگ میں جا کر ’فورس اسٹاپ ‘ کردیں۔ فورس اسٹاپ کی وجہ سے یہ ایپلی کیشن نہ ہی آپ کی بیٹری خرچ کرے گی اور نہ ہی آپ کا ڈیٹا۔
آٹو برائٹنیس بند کردیں
کبھی آپ نے محسوس کیا ہے کہ آپ کے اسمارٹ فون کی اسکرین کبھی ہلکی اور کبھی بہت زیادہ روشن ہوجاتی ہے۔ یہ فون میں موجود ایک فیچر آٹو برائٹنیس کی بدولت ہے۔ نئے ماڈلز میں اسے adaptive برائٹنیس کا نام دیا گیا ہے۔ بہ ظاہر تو یہ فیچر بہت مفید ہے، لیکن اسکرین کی بدلتی ہوئی روشنی صارف کو الجھن میں مبتلا کردیتی ہے۔ آٹو برائٹنیس بند کرنے کے لیےتصویر میں دی گئی ہدایات پرعمل کریں۔
ڈارک موڈ آن کریں
آپ میں سے کتنے ایسے لوگ ہے جو صبح اٹھتے ہی ایک آنکھ میچ کر اپنے موبائل پر موجود نوٹیفیکیشن دیکھتے ہیں؟ لیکن اینڈرائیڈ نے اپنے نئے ورژن میں صارفین کے اس مسلے کا حل ’ ڈارک موڈ‘ کی شکل میں پیش کردیا ہے۔ آپ سیٹنگ مینیو میں جاکر’ ڈارک موڈ‘ فیچر کو مستقل آن بھی کرسکتے ہیں اور مخصوص وقت کے لیے بھی۔
اگر آپ کے فون میں اینڈرائیڈ کا پرانا ورژن ہے تب بھی اینڈرائیڈ میسجز، جی میل، واٹس ایپ، گوگل ڈرائیو، فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، آؤٹ لک پر آپ ڈارک موڈ آن کر سکتے ہیں۔
ڈو نوٹ ڈسٹرب
اسمارٹ فونز کا ایک اہم فیچر نوٹیفیکشن کا بھی ہے، لیکن اگر رات کے 3 بجے کوئی آپ کو ای میل کرتا ہے، یا سوشل میڈیا پر آپ کی کسی پوسٹ یا تصویر پر تبصرہ کرتا ہے تو اس نوٹی فیکیشن کی آواز سے آپ کی نیند میں خلل پڑتا ہے۔ اگر آپ اسمارٹ فون کی دخل اندازی کے بنا نیند پوری کرنا چاہتے ہیں، تو پھر یہ فیچر یقینا آپ کے لیے ہی دیا گیا ہے۔ اسے آپ اپنی ترجیحات کے مطابق بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔ کہ کس ایپ کا نوٹی فیکیشن ملنا چاہیے اور کس کا نہیں۔
بیٹری کا وقت بڑھائیں
بیٹری اسمارٹ فون کی شہہ رگ ہے، بیٹری ختم سمجھیں آپ کا دنیا سے مواصلاتی رابطہ ختم۔ موبائل کی اسکرین سب سے زیادہ بیٹری خرچ کرتی ہے۔ اگر آپ اسمارٹ طریقے سے اپنی ڈسپلے سیٹنگ کریں تو پھر آپ اپنے فون کو زیادہ دیر تک استعمال کر سکتے ہیں۔