پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں نرخ 181.73 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 182.50 روپے کا ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعداد و شمار کے مطابق منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 48 پیسے (0.26 فیصد) اضافے سے 181 روپے 73 پیسے کا ہوگیا.
فاریکس ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں بھی پاکستانی روپے کی قدر مزید 50 پیسے گر گئی، جس کے بعد امریکی ڈالر کے نرخ ریکارڈ 182.50 روپے تک پہنچ گئے۔
مرکزی بینک کے مطابق ملک میں امریکی کرنسی کے نرخ گزشتہ 7 روز کے دوران 3.12 روپے بڑھ چکے ہیں، جبکہ مالی سال 21-22ء میں اب تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 24.09 روپے کمی آچکی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جون 2022ء تک ڈالر کی قیمت 185 روپے تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔