اٹلس ہونڈا نے اپنی موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافے کا اعلان کردیا، نئی قیمتیں یکم فروری 2023 سے لاگو ہوں گی۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد CD70 سات ہزار 400 روپے مہنگی ہوکر ایک لاکھ 28 ہزار 900 روپے کی ہوگئی جبکہ CG125 کی نئی قیمت 9 ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 94 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔
سی ڈی 70 ڈریم 8 ہزار روپے مہنگی ہونے کے بعد 137,900 روپے، پوریڈور 9 ہزار روپے مہنگی ہونے کے بعد 170,900 روپے جبکہ سی جی 125 ایس 11 ہزار 400 روپے مہنگی ہونے کے بعد 230,900 روپے کی ہوگئی۔ سی بی 125 ایف 22 ہزار روپے مہنگی ہوکر 305,900 جبکہ سی بی 150 ایف 30 ہزارروپے مہنگی ہوکر 383,900 اور سی بی 150 ایف سلور 30 ہزار روپے مہنگی ہوکر 387,900 کی ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیکر تبدیل کر کے ہونڈا نے سی جی 125 کا نیا ماڈل متعارف کرادیا
اس سال یہ ہونڈا موٹرسائیکلز کی قیمتوں میں ہونے والا پہلا اضافہ ہے، کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے لیکن یہ امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں مسلسل کمی کے اثر کو واضح کرتا ہے۔ موٹر سائیکل ڈیلرز کے مطابق پاکستان میں جاری معاشی عدم استحکام کی وجہ سے قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے جو خریداروں کیلئے ناقابل برداشت ہو سکتا ہے۔