ہونڈا اٹلس نے سی جی 125 موٹر سائیکل کا 2023ء ماڈل مارکیٹ میں لانچ کردیا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق نیا ماڈل پیر 19 ستمبر سے مقامی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ ہونڈا اٹلس نے نئے ماڈل میں سوائے نئے گرافکس کے اسٹیکر کے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
واضح رہے کہ ہونڈا اٹلس کی جانب سے گزشتہ 30 سال سے ایک ہی ماڈل نئے گرافکس اور نئے اسٹیکرز کے ساتھ ہر سال نئے ماڈل کے طور پر سی جی 125 صارفین کو پیش کیا جارہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مذکورہ ماڈل کی قیمت پہلے ہی بہت زیادہ ہے، جس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا اور سی جی 125 اسٹینڈرڈ ایک لاکھ 79 ہزار 900 روپے جبکہ سی جی 125 ایس ای 2 لاکھ 10 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔
ڈیلرز کا کہنا ہے ہونڈا اٹلس نے سی جی 125 ماڈل پہلی مرتبہ 1992ء میں متعارف کرایا تھا، جس کے بعد اس رینج میں یہ سب سے مقبول ماڈل ہے لیکن کمپنی کی جانب سے ہر سال اس میں نئے ماڈل کے نام پر اسی پرانے ڈیزائن میں لانچ کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے دیگر کئی موٹر سائیکل ماڈلز کی طرح یہ برانڈ بھی یکسانیت کا شکار ہوگیا ہے۔
ڈیلرز کے مطابق پاکستان میں ہونڈا سی جی 125 کو طاقتور انجن اور پائیداری کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ اس ماڈل کی پائیداری اور کوالٹی میں کمی آئی ہے لیکن چونکہ مقابلے میں کوئی اور ماڈل نہیں ہے اور دیگر کمپنیوں کے ماڈلز کی کوالٹی اس سے بھی زیادہ گر گئی ہے لیکن اسی لئے گاہک اب بھی ہونڈا کی 125 خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلرز صابر شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موٹر سائیکل انڈسٹری جمود کا شکار ہوگئی ہے، پچھلے دو تین دہائیوں سے ایک ہی ڈیزائن میں اسمبلرز اپنے ماڈلز تیار کررہے ہیں۔ صابر شیخ کے مطابق سی بی 150 ایف، وائی بی آر 125 جی، جی آر 150 اور جی ڈی 110 قدرے بہتر ڈیزائن متعارف کئے گئے ہیں، اس کے سوا ایک ہی طرح کی موٹر سائیکلیں لائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں ہمارے پڑوسی ممالک چین اور بھارت میں ایک سے ایک نت نئے ڈیزائن اور ماڈلز میں موٹر سائیکلیں تیار کی جارہی ہیں۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مقامی اسمبلرز کو پاکستانی صارفین کو بھی موٹر سائیکلوں کی جدید اور نت نئے ڈیزائنوں اور کوالٹی کی رینج دینی چاہئے.