drugs

سرائے عالمگیر، منڈی بہاءالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزمان سے چرس برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں سمیت مختلف شہروں میں منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جس کے نتیجے میں 9 مختلف کارروائیوں میں 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 165.4 ملین روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔ اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سمگلنگ اور فروخت کے خلاف بھی خصوصی کارروائیاں کیں اور ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

ڈی ایچ اے کراچی (چھوٹا بخاری) میں 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 1 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔ لاہور میں سرائے عالمگیر، منڈی بہاءالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب 3 ملزمان سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی، جسے بڑی مہارت سے گاڑی میں چھپایا گیا تھا۔

گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ کاک پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب 4 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ آر سی ڈی روڈ حب پر مسافر بس سے 10.8 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جس میں ایک خاتون بھی موجود تھی۔

جنرل بس ٹرمینل پشاور کے قریب ایک افغان شہری سے پنچنگ پیڈز میں چھپائی گئی 5 کلو آئس برآمد ہوئی۔ شاہی قلعہ سرکلر روڈ لاہور کے قریب کارروائی کے دوران ملزمان سے 706 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 200 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

ضلع پشین کے علاقے سارانان میں 1870 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی، پرانا چمن کے علاقے کچی آبادی میں 20 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔ پرانا پسنی روڈ، کوہ مراد، کیچ کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 12 کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں انسداد منشیات کی دیگر اہم کارروائیاں جاری رہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں