Tag: Sarai Alamgir

  • سرائے عالمگیر، منڈی بہاءالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزمان سے چرس برآمد

    سرائے عالمگیر، منڈی بہاءالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب ملزمان سے چرس برآمد

    اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں سمیت مختلف شہروں میں منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جس کے نتیجے میں 9 مختلف کارروائیوں میں 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 165.4 ملین روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔ اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سمگلنگ اور فروخت کے خلاف بھی خصوصی کارروائیاں کیں اور ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔

    ڈی ایچ اے کراچی (چھوٹا بخاری) میں 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 1 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔ لاہور میں سرائے عالمگیر، منڈی بہاءالدین روڈ پر یونیورسٹی کے قریب 3 ملزمان سے 12 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی، جسے بڑی مہارت سے گاڑی میں چھپایا گیا تھا۔

    گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ کاک پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب 4 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ آر سی ڈی روڈ حب پر مسافر بس سے 10.8 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جس میں ایک خاتون بھی موجود تھی۔

    جنرل بس ٹرمینل پشاور کے قریب ایک افغان شہری سے پنچنگ پیڈز میں چھپائی گئی 5 کلو آئس برآمد ہوئی۔ شاہی قلعہ سرکلر روڈ لاہور کے قریب کارروائی کے دوران ملزمان سے 706 گرام ایکسٹیسی گولیاں اور 200 گرام آئس برآمد کر لی گئی۔

    ضلع پشین کے علاقے سارانان میں 1870 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی، پرانا چمن کے علاقے کچی آبادی میں 20 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔ پرانا پسنی روڈ، کوہ مراد، کیچ کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 12 کلو ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں انسداد منشیات کی دیگر اہم کارروائیاں جاری رہیں۔

  • سرائے عالمگیر منڈی بہاؤالدین روڈ پر  وین، کیری ڈبہ اور موٹر سائیکل میں تصادم، ایک جاں بحق، 13 زخمی

    سرائے عالمگیر منڈی بہاؤالدین روڈ پر وین، کیری ڈبہ اور موٹر سائیکل میں تصادم، ایک جاں بحق، 13 زخمی

    مسافر وین، کیری ڈبہ اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔

    سرائے عالمگیر (نامہ نگار)بتایا گیا ہے کہ نصیر احمد سکنہ جہلم، سرائے عالمگیر میں زیر تعمیر منڈی بہاؤالدین روڈ پر مسافر وین کیری ڈبہ اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم میں جان کی بازی ہار گیا۔

    جبکہ 8 بچوں اور خواتین سمیت 13 زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

  • ڈپٹی کمشنر کا منڈی شہر تا سرائے عالمگیر روڈ ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

    ڈپٹی کمشنر کا منڈی شہر تا سرائے عالمگیر روڈ ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

    ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے، مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں کسی بھی قسم کی مشکلات حائل نہیں ہونے دیں گے، تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی۔

    منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13فروری 2023) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ترقیاتی سکیموں میں پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین طارق محمود ، محکمہ ہائی وے اور پبلک ہیلتھ کے افسران سمیت متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلع میں جاری میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ مختلف منصوبوں پر بریفنگ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے میگا پراجیکٹس کی جلد تکمیل کیلئے فنڈز جاری کر رکھے ہیں ۔ ترقیاتی منصوبوں کے افسران منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز کریں اور تمام سکیمیں کوالٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کی جائیں۔

    بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جاری ترقیاتی سکیموں کو چیک کرنے کے حوالے سے منڈی بہاﺅالدین شہر تا سرائے عالمگیر روڈ، شہانہ لوک تا چیلیانوالہ روڈ اور رسول یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ان ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹس کا بھی معائنہ کیا اور بعض تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مسائل کے حل پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رسول یونیورسٹی، منڈی شہر تا سرائے عالمگیر روڈ، شہانہ لوک تا چیلیانوالہ روڈ پر کام جاری ہے ۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایکسیئن بلڈنگ ،ہائی وے اور پبلک ہیلتھ افسران کو کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے منڈی شہر تا سرائے عالمگیر روڈ (6 کلو میٹر) ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہانہ لوک تا سرائے عالمگیر روڈ کے ساتھ ساتھ نالہ کو پختہ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

    انہوں نے کہاکہ نالہ بننے سے لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص فنڈز قوم کی امانت ہیں، جن کی ایک ایک پائی دیانتداری سے خرچ کی جانی چاہیے۔ ترقیاتی سکیموں کی رفتار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت سڑکوں اور دیگرز فلاحی منصوبہ جات کی تعمیرو توسیع کیلئے ہر ممکن وسائل اور فنڈز مہیا کر رہی ہے لہذٰا تمام منصوبہ جات کی تکمیل وقت پر مکمل کی جائے ۔ غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔