اسلام آباد: ہزارہ موٹر وے انٹر چینج پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران کارکنوں سے تصادم میں ایس ایس پی سمیت گوجرانوالہ رینج پولیس کے 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہزارہ موٹر وے انٹر چینج پر ایس ایس پی فاروق بھٹہ اور دیگر پولیس اہلکار کے پی سے آنے والے قافلے کو روکنے کے لیے تعینات تھے اور پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے تصادم اور پتھراؤ میں زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد میں فوج طلب، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ تصادم میں ایس ایس پی سمیت گوجرانوالہ رینج پولیس کے 22 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں ایک سب انسپکٹر، 2 اے ایس آئی اور 18 پولیس کانسٹیبل شامل ہیں۔
ایس ایس پی فاروق بھٹہ گوجرانوالہ پٹرولنگ پولیس میں تعینات ہیں اور زخمی ہونے والے 21 پولیس اہلکاروں کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین سے ہے۔ اس سے قبل شرپسندوں نے سری نگر ہائی وے پر رینجرز اہلکاروں کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار ہلاک اور 5 رینجرز اور 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے۔