اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔ انتظامیہ نے فوج کو طلب کرتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔
واقعے میں رینجرز اہلکاروں سمیت 5 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں پر پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے حملے میں اب تک چار رینجرز اہلکار اور دو پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو اسلام آباد طلب کر کے شرپسندوں سے آہنی مٹھی سے نمٹنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق انتشار پھیلانے والوں اور شرپسندوں کو موقع پر ہی گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتشار پسند اور دہشت گرد عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی کارروائی سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔