dengue

ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائیں

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ کہ ڈینگی ایک کمیونٹی مرض ہے اس کے تدارک کیلئے تمام متعلقہ محکمے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر اقدامات اٹھائیں، اس سلسلے میںکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا.

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20 اکتوبر 2022 ) انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہاٹ سپاٹ جگہوں کے ساتھ ساتھ قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس، جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارتوں کی بھی خصوصی مانیٹرنگ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاؤالدین سے ڈینگی کا 1 نیا کیس سامنے آگیا

قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 14اکتوبر سے 20 اکتوبر 2022 تک 518 ٹیموں نے ان ڈور 74 ہزار 350 گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ آﺅٹ ڈور 65 ٹیموں نے 9 ہزار 930 گھروں کو چیک کیا گیا۔

اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت3 لاکھ 6 ہزار111 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت 38 ہزار 44 کنٹینرز چیک کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر26 نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔

اجلاس میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے سی او ضلع کونسل نے اپنے محکموں کی کاروائیوں کے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگز سننے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرملک عباس ذوالقرنین نے کہاکہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیمیں ان ڈور ،آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مزید بہتری لائیںکیونکہ منڈی بہاﺅالدین کو ڈینگی فری بناناضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اے ڈی سی آر نے افسران کو ہدایت کی کہ جن جگہوں سے لاروا برآمد ہو یااس کی افزائش کا باعث بننے والوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی جائیں ، اس معاملے میں کسی قسم کی لاپروائی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں