منڈی بہاءالدین میں عالمی انسداد پولیو کا دن منایا گیا

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ جزبہ حب الوطنی کے تحت پولیو کا خاتمہ ممکن بنایا جائے، فیلڈ میں مصروف عمل ٹیمیں مقرر کردہ ٹارگٹس کو دیانت داری اور جانفشانی سے مکمل کریں، انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کا اپنامستقبل صحت مند زندگی سے وابستہ ہے، یہ اسی صورت ممکن ہے کہ انہیں پولیو ویکسین کے دوقطرے ضرورپلائے جائیں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24 اکتوبر 2022) ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں ورلڈ انسداد پولیو ڈے کے موقع پر آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے ) ڈاکٹر عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر افتخار، پی ٹی آئی رہنما عادل امتیاز چوہدری، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو رافعہ ناہید،پروگرام آفیسر آئی آر ایم این سی ایچ مشتاق تارڑ، لیڈی ہیلتھ وزیٹرو ہیلتھ ورکرز اور دیگر بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے۔ قوم کے نونہالوں کو پولیو مرض سے محفوظ رکھنے اور انہیں مستقل معذوری سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے، پولیو کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے متعلقہ افسران اور فیلڈ میں مصروف عمل پولیو ٹیمیں احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض مستعدی اور جانفشانی سے سر انجام دیں اور اپنے اہداف ہر صورت مکمل کریں تا کہ ضلع کا پولیو فری سٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیمیں مہم کے دوران درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز دیں ان کو موقع پر ہی حل کیا جائے گا۔

انہوں نے گزشتہ مہم 22 اگست سے 24 اگست کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں پولیو ورکرز ، سماجی شخصیات، علماءکرام، معززین،والدین، میڈیا نمائندگان اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی او ہیلتھ ،ڈی ایچ او اور دیگر مقررین نے حاضرین کو انسداد پولیو کے حوالے سے آگاہی دی ۔

سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ انسداد پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جو کہ ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں