نازیہ حسن اور زوہیب حسن کی جوڑی صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کی مشہور ترین پاپ سنگر جوڑی تھی۔
اس شہرت کی وجہ ان دونوں کی لوگوں کے دلوں کو چھو لینے والی گلوکاری کے علاوہ دونوں کے درمیان بہن بھائی کا پر خلوص رشتہ بھی تھا۔ شاید ہی نازیہ زوہیب سے پہلے یا پھر بعد میں بھی کسی بہن بھائی کی جوڑی نے گلوکاری کے میدان میں اتنی شہرت اور عوام کی محبت پائی ہو۔
کروڑوں دلوں کی ملکہ نازیہ حسن انتہائی کم عمری میں ہی کینسر کا شکار ہو کر دنیا سے چلی گئیں۔ ان تمام مداحوں کے بیچ زوہیب حسن ایک ایسے شخص تھے جن سے نہ صرف ان کی پیار کرنے والی بہن چھن گئی بلکہ ان کی بچپن کی دوست اور ساتھی گلوکارہ بھی ہمیشہ کے لئے جدا ہوگئی۔
زوہیب اپنی بہن سے آج بھی اتنی محبت کرتے ہیں کہ اکثر ٹی وی شوز میں انھیں یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوجاتے ہیں۔ خوش قسمتی سے زوہیب حسن اور ان کے اہل خانہ کے پاس نازیہ کی سب سے بہترین نشانی ان کا بیٹا موجود ہے جسے زوہیب اپنے بیٹوں کی طرح چاہتے ہیں۔
بیٹے کو بڑا ہوتے دیکھنے کے لئے نازیہ حسن زندہ رہنا چاہتی تھیں
حال ہی میں زوہیب حسن نے اپنی مرحومہ بہن اور بھانجے کی ایک ایسی تصویر اپنے انسٹاگرام پر شئیر کی ہے جسے نازیہ کے مداحوں نے شاید ہی کبھی دیکھا ہو۔
زوہیب حسن نے اس تصویر کے ساتھ لکھا کہ یہ نازیہ حسن اور ان کے نومولود بیٹے آریز کی ایک بہت نایاب تصویر ہے۔ جب نازیہ کو اپنے اندر کینسر کی بیماری کا علم ہوا تو انھوں نے ڈاکٹر سے کہا کہ پلیز میری جان بچانے کی اور کوشش کریں تا کہ میں اپنے بیٹے کو بڑا ہوتا ہوا دیکھ سکوں۔
نازیہ حسن کے بیٹے اب کہاں ہیں؟
زوہیب حسن نے اپنے بھانجے کے حوالے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے مزید لکھاکہ بدقسمتی سے نازیہ کو لمبی عمر تو نہ مل سکی مگر ان کے بیٹے کی پرورش میری اور نازیہ کی والدہ، ہماری بہن زہرہ اور میں نے مل کر کی ہے۔
نازیہ کا خواب تھا کہ ان کا اکلوتا بیٹا آریز ایک کامیاب وکیل بنے تو اب ان کا خواب پورا ہوگیا ہے اور آریز اب دنیا کی ایک بڑی لاء فرم کے لیے کام کررہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل
سوشل میڈیا صارفین نازیہ حسن کے بیٹے کی کامیابی پر کافی خوش ہیں اور نازیہ کی مغفرت کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے کی مزید کامیابی لیے بھی دعاگو ہیں.