محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون جون کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوسکتا ہے۔ اس سال مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی اور شدید بارشوں سے سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوں گے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ اپریل میں ہونے والی بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ ہوا ہے۔ خلیج بنگال پر ایک طوفان بن رہا ہے جو ہندوستان کے جنوبی حصوں کو متاثر کرے گا۔ شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ رہے گا جس کی وجہ سے ٹھنڈ لگنے کا خدشہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ اوپری فضا میں ہوا کا زیادہ دباؤ، محدود بادلوں کی موجودگی گرمی کی لہر کی وجہ ہے۔ اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت ساہیوال، اوکاڑہ، سبی، بھکر، لاڑکانہ جیکب آباد میں ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں سورج کی گرمی آج بھی برقرار ہے۔ اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورتحال رواں ہفتے بھی برقرار رہے گی۔