cars

قیمتیں بڑھنے کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ

پاکستان میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوگیا، جنوری کے مقابلے میں فروری میں 5 فیصد جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 32 فیصد گاڑیاں زیادہ فروخت ہوگئیں، سال بہ سال موازنے کے مطابق رواں سال گاڑیوں کی فروخت میں 57 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کہتے ہیں کہ صورتحال سے پتہ چلتا ہے کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی قوت خرید بھی بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ فروری کے دوران مجموعی طور پر 21 ہزار 706 کاریں فروخت ہوئیں جو اس سے پچھلے ماہ جنوری کے مقابلے میں 5فیصد جبکہ فروری 2021ء کے مقابلے میں 32 فیصد زائد ہیں۔ اسی طرح رواں مالی سال کے جولائی تا فروری کے 8 ماہ کے دوران ایک لاکھ 78 ہزار 338 کاریں فروخت ہوئیں جو مالی سال 2021ء کے مقابلے میں 57 فیصد زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: منی بجٹ میں ٹیکس عائد ہونے کے بعد کمپنیوں نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتیں بھی بڑھا دیں

واضح رہے کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے اور تیل مہنگا ہونے کے باجود کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ عارف سیکیورٹیز کے مطابق قیمتیں بڑھنے کے باجود فروخت میں کمی نہ آنے کا مطلب ہے کہ شہریوں کی قوت خرید بھی بڑھ گئی ہے، خاص طور پر 1000سی سی سے کم کی کاروں میں ماہانہ بنیادوں پر 86فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 69فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار کے مطابق فروری میں 1300 اور اس سے اوپر کی 6471 کاریں فروخت ہوئیں جبکہ اس کے مقابلے میں جنوری میں 9456 کاریں فروخت ہوئی تھیں، جس کا مطلب ہے کہ اس کیٹیگری کی بڑی گاڑیوں کی فروخت میں 32فیصد کمی آئی ہے جبکہ دیگر تمام کیٹیگریز میں اضافہ ہوا ہے

جس میں 1000سی سی کاروں میں 23فیصد، 1000سی سی سے کم کی کاروں میں 86فیصد، پسنجرز کاروں میں 6فیصد، ایل سی ویز اور فور بائی فور میں 3فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کمپنیوں کا جائزہ لیا جائے تو پاک سوزوکی کی کاروں کی فروخت میں 40فیصد اضافہ ہوا، جبکہ انڈس اور ہونڈا اٹلس کی کاروں کی فروخت میں 32، 32 فیصد کمی آئی۔

ماہرین کے مطابق سوزوکی کی فروخت میں اضافہ چھوٹی گاڑیوں کی فروخت بڑھنے کی وجہ سے ہوئی ہے، اس کیٹیگری میں سوزوکی کو مسابقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پاک سوزوکی کی آلٹو گاڑیاں سب سے زیادہ فروخت ہوئیں جس میں 85.7 فیصد ماہانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کلٹس کی فروخت 44.4 بڑھی جبکہ ویگن آر میں 7.1 فیصد اور بولان کی فروخت 11.9 فیصد بڑھ گئی البتہ راوی (ہائی روف) میں 28.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق دیگر گاڑیوں میں فروری کے مہینے کے دوران ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں کمی آئی ہے جبکہ ٹریکٹرز کی فروخت میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بھی مابانہ 11 فیصد اور سالانہ 12 فیصد کمی آئی ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق پاکستان آٹو مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے ممبران کے علاوہ گاڑیوں کی فروخت کو بھی جمع کیا جائے تو فروری میں 25 ہزار کاریں فروخت ہوئیں جو جنوری کے مقابلے میں 4 فیصد زائد ہیں.

اپنا تبصرہ لکھیں