fog in mandi bahauddin

منڈی بہاؤالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد ( آن لائن) محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز شمال اور مغربی بلوچستان ،خیبر پختو نخوا،بالائی پنجاب ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کےروز پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ خطۂ پوٹھوہار،لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاؤالدین اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

مری ،گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس دوران بھکر،لیہ، ملتان، ساہیوال،ڈی جی خان، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور میں ہلکی بارش اور بو نداباندی ہو سکتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد، موہنجوداڑو میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے تا ہم جنوبی وزیر ستان، بنوں، ڈی آئی خان، کوہاٹ، مردان، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، کالام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، دیر اور چترال میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا تاہم کوئٹہ ، چمن ، زیارت ،سبی، ژوب ، بارکھان، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ،نصیر آباد اورقلات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلستتان میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں