منڈی بہاوالدین سمیت صوبہ بھر میں تیس فیصد بچوں کا ریکارڈ نہ ہے، جو مہنگائی میں اضافے کاسبب بن رہا ہے

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ بچوں کا بر وقت اندراج پیدائش ملکی معیشت کیلئے بہت ضروری ہے کیونکہ بر وقت پیدائش اندراج سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مر تب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے بروقت پیدائش اندراج نہ ہو نے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔منڈی بہاوالدین سمیت صوبہ بھر میں تیس فیصد بچوں کا ریکارڈ نہ ہے، جو مہنگائی میں اضافے کاسبب بن رہا ہے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 14دسمبر 2022) ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں کے بروقت اندراج کی خصوصی مہم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ نجیب اسلم، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گجرات ڈویژن محمود اقبال گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ منڈی بہاوالدین رضوان بشیر آغا، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ وزیرآباد عظمت فرید،سی او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر مرزا عابد، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز و سی او ایم سیز، اسسٹنٹ اعتزاز احسن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ والدین میں بچوں کے بروقت اندراج کی آگاہی کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر مہم شروع کی گئی ہے تاکہ ملکی آبادی کا تعین ہوسکے، جس سے ملکی ترقی کےلئے بہتر منصوبہ بندی بنانے میں مدد ملے گی جو ملکی ترقی کا باعث بھی بنے گا۔انہوں نے کہاکہ پیدائش کابروقت اندراج قانونی ذمہ داری اور فائدہ مند بھی ہے ،اس سے مستقبل میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدانہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیدائش کے اندراج کا مقصد بچوں کی ولدیت کاثبوت بچوں کو قانونی تحفظ اور معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔اندراج سے حصول شناختی کارڈ اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجراءمیں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکمے محنت اور لگن سے کام کریں کیونکہ بچوں کے اندراج کے مکمل ڈیٹا سے ہی ہماری معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ بچوں کے اندراج پیدائش کا صرف ٹارگٹ کاحصول ہی کافی نہیں ہونا چاہیئے بلکہ ہر بچے کا اندراج ہی ہمارا ٹارگٹ ہونا چاہیئے۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ نجیب اسلم اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گجرات ڈویژن محمود اقبال گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے اس مہم کے دوران سات سال تک کے بچوں کے پیدائش اندراج مفت کرنے کی یونین کونسل سیکرٹریز کوہدایت کی ہے۔حکومت کی ہدایت پر 11 دسمبر سے 20 دسمبر تک خصوصی مہم جاری رہے گی۔انہوں نے یونین کونسل سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اپنی اپنی یونین کونسلوں میں بچوں کے بروقت پیدائش اندارج کی آگاہی کے لئے اعلانات کرائیں۔ہر گاﺅں محلے میں بینرز آویزاں کئے جائیں اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں