لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، 13 جون تک درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، اور ملتان میں گرمی کی لہر کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے جب کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدید لہر 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی سے متاثرہ شہروں میں درجہ حرارت کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 50° بنوں، سرگودھا، نور پور تھل، سبی میں 49° جبکہ ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جیکب آباد، منڈی بہاؤالدین میں 48° اور لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، دادو میں 47° تاہم اسلام آباد، پشاور، بہاولپور، نواب شاہ 46° تک درجہ حرارت محسوس کیا جائےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 اور 12 جون کے دوران بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری اور جنوبی علاقوں میں معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ خود کو ہیٹ ویو سے بچانے کے لیے سورج کی غیر ضروری نمائش سے گریز کریں۔ پی ڈی ایم اے نے ہسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
پانی اور مشروبات وافر مقدار میں پئیں، اپنے سر کو دھوپ سے بچائیں (ٹوپی، اسکارف یا چھتری کا استعمال کریں)، اور بوڑھوں، بچوں اور بیمار لوگوں کا خاص خیال رکھیں۔ اس کے علاوہ، اگر آپ کو ہیٹ اسٹروک کی علامات کا سامنا ہو تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔