منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 21جولائی 2023)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی فریال نعیم کی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اوورچارجنگ اورکرایہ نامہ آویزاں نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں.
سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ضلع کے مختلف روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کو اچانک چیک کیا ، خلاف ورزی پر 16 گاڑیوں کے چالان اور 10 گاڑیوں کو ضلع کے مختلف تھانوں میں بند کرتے ہوئے 18 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے فریال نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عوام الناس کو براہ راست ریلیف پہنچانے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے سفری گاڑیوں کے کرایوں میں بھی کمی کی گئی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: سیکرٹری ٹرانسپورٹ فریال نعیم کی ٹرانسپورٹروں کے خلاف کاروائیاں
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی واضح ہدایات ہیں کہ اے سیز اور نان اے سیز پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری طور پر کمی لائے جائے تا کہ عوام حکومتی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رو رعائت نہ برتی جائے گی۔
سیکرٹری آر ٹی اے نے پبلک ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ بس سٹینڈز پر اور گاڑیوں میں کرایوں میں کمی کے حوالے سے واضح طور پر سابقہ اور نئے کرائے نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں۔