منڈی بہاوالدین میں یوم شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا گیا، اسی حوالے سے ایک پروقار تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد کی گئی. تقریب میں سانحہ چیئرنگ کراس لاہور بم دھماکہ میں شہید ایس ایس پی زاہد محمود گوندل سمیت پولیس کے شہداء کی ملک اور قوم کیلئے دی گئی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 04 اگست 2024) ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور ممبر صوبائی اسمبلی نے شہداء کے ورثا میں نقدی اور تحائف پیش کئے اور شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا پولیس کے شہداء کی ملک و قوم کیلئے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ملک و قوم کی خاطر جان قربان کرنے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے.
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ان شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کئے۔ ان شہداء کی فیملیز اور بچوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پیاروں نے شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔ ڈی پی او احمد محی الدین اور ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کا زندہ ہونا شہیدوں کے مرہون منت ہے۔ ہمیں ان کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔
ضلع منڈی بہاوالدین کے شہداء کے نام
یہ صرف پولیس فورس کے شہداء نہیں بلکہ پوری قوم کے شہداء ہیں اور ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو بھولے نہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے۔ شہداء پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات اور بہادری کی داستانیں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔