lunar eclipse in pakistan 2022

سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن آج ہوگا، پاکستان میں کیا صورتحال ہوگی؟

سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن آج ہوگا جو دنیا کے بیشتر ممالک میں دیکھا جاسکے گا تاہم پاکستان کے بعض علاقوں میں یہ جزوی طور پر نظر آئے گا۔ مکمل چاند گرہن کا نظارہ شمالی اور مشرقی یورپ، ایشیا، شمالی امریکا، جنوبی امریکا کے بیشتر حصوں اور انٹارکٹیکا میں کیا جاسکے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق چاند کو گرہن لگنے کا آغاز آج منگل کو دوپہر ایک بج کر 2 منٹ پر ہوگا، تاہم اس وقت ملک میں سورج اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ چمک رہا ہوگا جب کہ مکمل چاند گرہن 4 بجے کے قریب ہوگا، جس وجہ سے اس مکمل چاند گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں ممکن نہیں ہوگا.

یہ بھی پڑھیں: رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 25 اکتوبر ہوگا

تاہم شام میں ملک کے مختلف حصوں میں جزوی چاند گرہن کو دیکھنا ممکن ہوگا، پاکستان میں سب سے نمایاں چاند گرہن گلگت اور سب سے کم چاند گرہن کا کراچی میں دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں سب سے پہلےگلگت سے چاند گرہن کاآغاز ہوگا جہاں شام 4 بج کر 57 منٹ پر گرہن ہوگا، یہاں چاند گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ 52 منٹ پر محیط ہوگا اور یہ سب سے نمایاں بھی یہیں نظر آئے گا جو لگ بھگ 74 فیصد ہوگا۔

اسلام آباد میں چاند گرہن 5 بج کر 6 منٹ پر شروع ہوگا، یہاں یہ 61 فیصد تک نظر آسکے گا اور گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ 50 منٹ ہوگا۔ لاہور میں چاند کو گرہن 5 بج کر 5 منٹ پر آغاز ہوگا ایک گھنٹہ 51 منٹ تک گرہن جاری رہے گا، یہاں لگ بھگ 63 فیصد کوریج ہوگی، کراچی میں 5 بج کر 46 منٹ پر چاند کو گرہن لگے گا ایک گھنٹہ 10 منٹ پر محیط گرہن میں اس کی کوریج صرف 0.88 فیصد ہوگی۔

پشاورمیں چاند گرہن 5 بج کر52 منٹ پر، کوئٹہ میں 5 بج کر 38 اور مظفر آباد میں 5 بجکر ایک منٹ پر ہوگا، یہاں بالترتیب 56، 15 اور 65 فیصد چاند گرہن نظر آئے گا۔ اگلی بار مکمل چاند گرہن کے نظارے کے لیے مارچ 2025 تک انتظار کرنا ہوگا۔

اس چاند گرہن کی ایک خاص بات یہ ہے کہ امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے موقع پر پہلی بار ایسا ہو رہا ہے اور آئندہ 372 سال تک ایسا نہیں ہوسکے گا۔ واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزر رہا ہوتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان میں آجاتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں