ملک بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جزبے سے منایا گیا، یوم دفاع کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج کے ہال میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 06 ستمبر 2024) اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد ظہیر احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، پرنسپل سکول لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عطاءالرحمان، اساتذہ و طلباء اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اور مسلح افواج یکجان ہیں. پاک فوج کے جوان، پولیس، سکیورٹی ادارے اور شہری وطن عزیز کی نظریاتی و جغرفیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
شہداء اور ان کے لواحقین قوم کے ہیرو اور سرمایہ ہیں، زندہ قومیں کبھی اپنے شہداءکو نہیں بھولتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہے اور 6 ستمبر 1965 کی طرح دشمن کو ناکوں چنے چبوا کر نشانہ عبرت بنائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداءکی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی سالمیت اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین اور سکول انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ خصوصی توجہ دے کر بچوں میں جزبہ حب الوطنی کو اجاگر کریں۔
اس موقع پر ملک و قوم کی حفاظت اور اس کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے شہداءکو ان کی لازوال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے اپنے ملی نغموں، تقریروں اور ٹیبلوز کے ذریعے شہداءاور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں آگاہی ریلی بھی منعقد کی گئی۔