نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج 2 سے 5 جولائی تک ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 29 جون سے 5 جولائی تک کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری، گلیات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں اور نہروں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، چترال، ڈی آئی خان، بنوں اور مردان میں شہری سیلاب اور دریائے کابل، دریائے سوات اور چترال اور ہنزہ کے متعلقہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، شیخوپورہ اور قصور میں 5 جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔