Muslim League-Q demanded seat adjustment in Mandi Bahauddin.

مسلم لیگ ق نے منڈی بہاؤالدین میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کر دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق نے مسلم لیگ ن سے پنجاب میں مکمل حصہ مانگ لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) نے پنجاب بھر سے 10 سے زائد قومی اسمبلی اور 22 صوبائی اسمبلی کی نشستیں مانگی ہیں۔ مسلم لیگ ق نے گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور حافظ آباد میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیں زیادہ سے زیادہ جگہ دے۔ پنجاب میں ہم مل کر پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور آئی پی پی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ ن یا ق کے چکر میں مسلم لیگ کا ووٹ ضائع نہیں ہونا چاہیے، ساتھ چلنے میں برکت ہوگی۔

ق لیگ کے سربراہ نے مذکورہ اضلاع کے علاوہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت صوبائی نشستوں پر مسلم لیگ (ق) کے امیدواروں کو نامزد کرنے کی تجویز پیش کی۔ مسلم لیگ (ق) کی جانب سے ضلع بہاولپور سے طارق بشیر چیمہ کی نشست پر زیادہ زور دیا گیا اور یہ تجویز بھی دی گئی کہ طارق بشیر چیمہ کے حلقے میں دو صوبائی امیدوار بھی ہمارے ہی ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین کی تجاویز اور مطالبات پر فوری ردعمل سے گریز کیا اور تمام معاملات پر دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی آئندہ چند روز میں تشکیل دی جائے گی جو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تمام معاملات پر دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو تجاویز دے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں