پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام نے بانی پی ٹی آئی سے اپنی محبت کا اظہار ووٹ کی صورت میں کیا۔ لاڈلوں نے راتوں رات پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چرا لیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالک اور شفیع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے۔ گجرات، منڈی بہاؤالدین، تلہ گنگ کے مینڈیٹ چوری کرنے والے اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
منڈی بہاؤالدین: تحریک انصاف کے نومنتخب ارکان سنی تحریک میں شامل
انہوں نے کہا کہ اصل مینڈیٹ چوری کرنے والے محسن نقوی اور ان کی پولیس پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جس کی حمایت نہ ہو۔ مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر جنگ لڑیں گے۔ ووٹ چوری کرنے والوں کو کھانا پڑے گا۔