نجی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے دوران آپریشن بچہ کو جنم دینے والی خاتون جاں بحق۔لواحقین نے کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کو درخواست دے دی۔اسسٹنٹ کمشنر نے سی ای او ہیلتھ منڈی بہاؤالدین کو انکوائری کے لیے درخواست بھیج دی۔
پھالیہ( ایم.بی.ڈین نیوز 9 اگست 2024) نواحی موضع دھبولا کے رہائشی محمد عثمان نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کو دی گئی تحریری درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو ڈیلیوری کے لیے پھالیہ میں قائم النور سرجیکل ہسپتال میں لایا جہاں انہیں کہا گیا کہ آپریشن ہو گا۔
ہسپتال عملہ کی مبینہ غفلت، دوران زچگی نومولود بچہ جاں بحق
آپریشن کے نتیجہ میں بیٹا پیدا ہوا اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ زچہ بچہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن اس دوران میری بیوی کی طبیعت شدید خراب ہو گئی اور مذکورہ ڈاکٹرز نے نہ تو اس کا کوئی بروقت علاج کیا اور نہ ہی ہمیں کسی دوسرے اچھے ہسپتال ریفر کیا اور میری بیوی شدید تکلیف میں ڈاکٹر شاہد منظور بٹ اور ڈاکٹر طاہر کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہوگئی۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ کو دی گئی درخواست میں غفلت کے مرتکب ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے مذکورہ درخواست واقعات کی جانچ پڑتال کے لیے سی ای او ہیلتھ منڈی بہاؤالدین کو بھیج دی ہے۔