کوٹلہ محمود شاہ سے اغوا ہونے والا نوجوان علی حسن کوٹلی قاضی سے بازیاب کرلیاگیا۔ پولیس تھانہ پاہڑیانوالی نے 15 پر کال کے بعد تلاش شروع کی اور موبائل لوکیشن کی مدد سے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر لیا جس پر وہ مغوی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے وقوعہ کی ماسٹر مائنڈ خاتون کو گرفتار کر لیا۔ علی حسن کی شادی چند ماہ قبل ہوئی جس پر لڑکی کے خاندان کے چند افراد راضی نہ تھے انھوں نے نوجوان کے اغوا کا منصوبہ بنایا تاکہ اسے لڑکی کو چھوڑنے پر مجبور کیا جا سکے ۔
پولیس تھانہ پاہڑیانوالی نے 8 اگست 2024 کو ایک کس نامزد اور چار نامعلوم افراد کے خلاف اغواء کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور چوبیس گھنٹے میں مرکزی ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
SHO تھانہ پاہڑیانوالی ظفر اقبال رانجھا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مغوی کوٹ پیجو کا رہائشی ہے اور ٹیلر ماسٹر ہے جسے گزشتہ روز اڈا کوٹلہ محمود شاہ سے اس کی دکان سے اغوا کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے باقی ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔