محکمہ سپورٹس اور کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قائداعظم سٹیڈیم میں قائڈ ڈے کے حوالے سے کبڈی میچ کا اہتمام کیا۔ جس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ماجد حسین، تحصیل سپورٹس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ کبڈی ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقابلے میں کبڈی کے کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 26دسمبر 2022 ) اس موقع پر ڈی او سپورٹس ماجد حسین کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے منصوبوں کیلئے حکومت پنجاب اربوں روپے کے فنڈز مہیا کر رہی ہے۔ صحت، توانائی اور صاف پانی کے بعد سپورٹس کا فروغ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی چوتھی اہم ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دھنی کلاں کے استاد جو گائوں کے بچوں کو فری کبڈی کی ٹریننگ دیتے ہیں
کھیلیں ہمیں صحت مند اور توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر نظم و ضبط اور ہر طرح کے نتائج برداشت کرنا کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔ کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنے سے صحت مند معاشرے کے قیام میں معاونت مل سکتی ہے۔ہمارے کھلاڑی جیت کر اپنے ادارے اور ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔ڈی او سپورٹس کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی اس خوبصورت تقریب میں کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر دلی طور پر یہ محسوس کر رہا ہوں کہ ہمارا پیارا ملک ایسی ہی رنگا رنگ تقریبات کے انعقاد کیلئے بنایا گیا ہے۔دعا ہے کہ ہماری قوم ایسی ہی خوبصورت تقریبات مناتی رہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کو زندگی کا لازمی حصہ بنانا چاہیئے۔ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں کھیلوں کی سہولتوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوانوں میں ٹیلنٹ لانے کیلئے کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جا رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد کروا کر نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کر کے کئی قسم کی معاشرتی خرابیوں سے بچا جا سکتا ہے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں معاونت مل سکتی ہے۔
کبڈی کھلاڑیوں نے زبردست مقابلے پیش کر کے شرکاءسے خوب داد وصول کی۔بعد ازاں جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کو قائد ڈے کے حوالے سے شاندار مقابلے کروانے پر عوام الناس کی جانب سے خوب سراہا گیا۔