ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 14اگست یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز 8:58پر سائرن سے کیا گیا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ احترام سے سنا گیا۔یوم آزادی کی باقاعدہ تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی ۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 14اگست 2024) اس موقع پر مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ ، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا، ڈی پی او احمد محی الدین، صدر مسلم لیگ نون منڈی بہاوالدین مشاہد رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران ،اساتذہ ،طلباءو طالبات ،معززین شہر،تاجربرادری، میڈیا نمائندگان اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔
مختلف سکولز کے بچوں نے تقاریر، ٹیبلوز، ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کر کے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔شرکاء کی جانب سے بچوں کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور ہال میں موجود حاضرین نے بھرپور داد دی۔ تقریب میں ضلع منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے آفیسرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال کا تقریب سے خطاب کرتے کہنا تھا کہ آزادی کی قدر محکوم قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا. پاکستان کی آزادی کیلئے جہاں ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں قربانیاں دیں،وہاں ملک کے تحفظ اور استحکام کیلئے بھی لاکھوں افراد قربان ہوئے۔
ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 14اگست اہم ترین دن ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دیں گے ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں، خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم آزاد وطن کی فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے عوام الناس بالخصوص طلباء،اساتذہ اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں اور پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا، ڈی پی او احمد محی الدین اور صدر مسلم لیگ نون منڈی بہاوالدین مشاہد رضاکا مشترکہ طور پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج خوشی کے پرمسرت موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایمانداری اور دیانتداری سے مل کر اس ملک کی خدمت کرکے اس کو آگے لے کر جائیں گے ۔ بعد ازاں یوم آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب کے اختتام پر تقاریر،ٹیبلوز ،ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کرنے والے بچوں کیلئے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال نے دو لاکھ روپے جبکہ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر، ممبر صوبائی اسمبلی، ڈی پی او اور صدر مسلم لیگ نون نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون توڑنے پر جیل آنے والوں کو آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ رہائی کے بعد اپنی زندگی اچھے انداز میں گزار کر قابل فخر شہری بنیں گے۔ بعد ازاں نہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا،
انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی اور وہاں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے شہریوں میں پودے بھی تقسیم کئے۔