sports

پیر یعقوب شاہ کرکٹ اسٹیڈیم پھالیہ میں انڈر 16سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپیئن شپ کا افتتاح

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 28ستمبر 2022) ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پیر یعقوب شاہ کرکٹ اسٹیڈیم پھالیہ میں انڈر 16سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپیئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ فروا بتول،سی او ایم سیز عرفان گوندل، بشیر تارڑ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ماجد حسین، تحصیل سپورٹس آفیسر، مختلف سکولز کے کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے فیتہ کاٹ کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا اور خود بیٹنگ کر کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے بتایا کہ انڈر 16 سکولز کرکٹ چیمپین شپ 28 ستمبر سے09 اکتوبر 2022 تک جاری رہے گی، جس میں سرکاری ونجی سکولز کی 8 ٹیمیں اور 160 بوائز کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سینٹرل پنجاب سکولز کرکٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد بہت بڑی کاوش ہے جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک اور قوم کا وقار بلند کریں گے اور یہی نوجوان مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن کر وطن کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کھیلیں ہمیں صحت مند اور توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر نظم و ضبط اور ہر طرح کے نتائج برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔ کھیلوں سے بچوں میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی میں نمایاں رول اد ا کرتی ہیں، جو بچے صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ ہمیشہ صحت مند رہتے ہیں اور بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں