وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر انچارج وفاقی محتسب، ریجنل آفس سرگودھا مشتاق احمد اعوان نے مختلف وفاقی محکموں کے خلاف صوبائی محتسب کیمپ آفس منڈی بہاوالدین میں عوامی شکایات سنیں اور اکثر شکایات پر عوام الناس کو موقع پر ہی ریلیف دلوادیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 18مارچ 2023) اس موقع پر وفاقی محکموں جن میں گیپکو، سوئی گیس، پاسپورٹ ، ای او بی آئی ، نادرا، پاکستان بیت المال کے افسران بھی اپنی رپورٹس لے کر موجود تھے۔ انچارج وفاقی محتسب نے رجسٹرڈ کیسز کی شکایات کی سماعت کی اور بیشتر شکایات کو موقع پر ہی حل کر دیا ۔
Pakistan Passport Fee – Passport Renew Fee In Pakistan 2023
بعد ازاں انچارج وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوں نے پاسپورٹ آفس کے مختلف کاﺅنٹرز کو چیک کیا اور وہاں پر آئے ہوئے سائلین سے پاسپورٹ آفس کے سٹاف و عملہ کے رویہ اور سروسز کے حوالے سے استفسار کیا۔ پاسپورٹ آفس میں بجلی کی عدم دستیابی اور معقول انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور اس حوالے سے انسپکشن رپورٹ وفاقی محتسب کو بھجوانے کا حکم دیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس میں پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے اور آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے جائز مسائل کو حل کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری انسپکشن کا مقصد پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا اور عوام الناس کیلئے سرکاری دفاتر میں ان کے کاموں کو آسان بنانا ہے ۔
انچارج وفاقی محتسب نے افسران کو وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی جانب سے جاری ہدایات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ عوام الناس کو بلا تاخیر ریلیف فراہم کیا جائے۔ عوام کو انصاف فراہم کرنے کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی۔