بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھانجے عمران خان نے بھی اپنی اہلیہ کو طلاق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ اونتیکا ملک نے کئی سال کی ناچاقی کے بعد بالآخر طلاق کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان اور اونتیکا ملک نے 2011 میں شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جو کہ 2014 میں پیدا ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان کافی عرصے سے اختلافات چل رہے تھے۔ 2019 سے اونتیکا اپنی بیٹی کے ہمراہ والدین کے گھر پر ہیں۔ جوڑے کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے دونوں کے درمیان معاملات ٹھیک کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔
عمران خان نے ویسے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز بطور چائلڈ اسٹار ’ قیامت سے قیامت تک‘ سے کیا تھا لیکن بحیثیت ہیرو ان کی پہلی فلم ’جانے تو یا جانے نا‘ تھی۔ کئی برسوں سے بڑے پردے سے دور عمران خان فلم سازی میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ وہ ایکتا کپور کی ویب سیریز مام (مارس آربٹ مشن) کی ہدایت کاری کر رہے ہیں۔ جس کی کہانی کا مرکزی خیال بھارت کا مریخ کی جانب سے بھیجے گئے مشن منگل ہے۔
بالی ووڈ میں آج کل طلاق کی خبریں گرم ہیں، چند روز قبل سلمان خان کے بھائی سہیل خان نے شادی کے 24 سال بعد اہلیہ سیما سے طلاق کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عمران خان کے ماموں اور سپر اسٹار عامر خان نے بھی 2 مرتبہ شادی کی اور دونوں ہی دفعہ ان کی شادی ختم ہوگئی۔ میڈیا میں اب ان کی تیسری شادی کی خبریں گرم ہیں اور اس حوالے سے اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کا نام گردش کررہا ہے