پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاؤالدین آکر بہت خوشی ہوئی۔ آپ کا جذبہ میرے اور نواز شریف کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ ہمارے قائد نواز شریف کی طرف سے سلام۔
8 فروری کو آپ نے نواز شریف کو دوبارہ جتوانا ہے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبے دوبارہ شروع ہو سکیں۔ میاں شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگوا دئیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ لانگ مارچ نواز شریف اور پاکستان کے خلاف کیا گیا، نواز شریف کے خلاف سازشیں کی گئیں۔ جو لوگ نہیں چاہتے تھے کہ ملک ترقی کرے، انہوں نے نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ آپ سب جانتے ہیں کہ لانگ مارچ کس نے کیا۔ نواز شریف کو چین سے بھاری سرمایہ کاری مل رہی تھی۔ ملک کی ترقی ملک دشمنوں سے برداشت نہیں ہوئی۔
عام انتخابات: مسلم لیگ ن آج منڈی بہاؤالدین میں جلسہ کرے گی
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے منڈی بہاؤالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جیلوں میں کئی خاندان بند ہیں ان کی کوئی نہیں سن رہا ہے۔ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ 2013 میں عوام نے نواز شریف کو کامیاب کروایا تو ان کے خلاف سازش شروع ہو گئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ چین کے صدر ستمبر 2014 میں پاکستان آرہے تھے، پہلی بار 14 اگست 2014 کو ملک میں لانگ مارچ کیا گیا، یہ لانگ مارچ نواز شریف اور پاکستان کے خلاف کیا گیا۔ نواز شریف چین سے بھاری سرمایہ کاری لا رہے تھے۔ پی ٹی آئی نے ڈی چوک چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ ان کے لانگ مارچ اور دھرنے کے باعث چینی صدر کا دورہ ملتوی کر دیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اے پی ایس کے بچےشہید ہوئےاور پھر یہ دھرنا ختم کر دیا گیا۔ 7 ماہ کی تاخیر کے بعد 2015 میں چینی صدر آئے، جن معاہدوں پر 2014 میں دستخط ہونے تھے ان میں 7 ماہ کی تاخیر ہوئی۔ سعودی عرب کی مالی امداد چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں آئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پاکستانی وسائل سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی دی۔ 2017 میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے بانی کہتے تھے کہ ہم لیپ ٹاپ نہیں رشوت دیتے ہیں۔ میں نے کہا کہ اگر میں بچوں کو لیپ ٹاپ نہ دوں تو کیا انہیں کلاشنکوف دوں؟
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی۔ نواز شریف کے دور میں ملکی زراعت میں بہتری آئی۔ 9 مئی کو کیا ہوا سب نے دیکھا۔ ہم نے پنجاب کے اندر مفت علاج اور مفت ادویات فراہم کیں۔ نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو کسانوں کو سستی کھاد دی گئی۔ نواز شریف نے پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھا دیا۔