لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے بھر میں آئندہ 4 روز تک ہیٹ ویو جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولنگر، رحیم یار خان، بھکر اور کوٹ ادو میں درجہ حرارت 45 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، منڈی بہاؤالدین، خانیوال، قصور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 42 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چار روز کے دوران صوبے بھر میں درجہ حرارت میں مزید تین سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ طبی ماہرین نے ہیٹ ویو کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے اور بچوں، بوڑھوں اور بیماروں کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر الرٹ رہنے اور صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات نے 19 مئی سے پاکستان میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد دو روز تک درجہ حرارت اور بارش میں کمی کی پیش گوئی بھی کی ہے۔