students giving matric exams in class room

بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کے اعزاز میں شاندار تقریب

گوجرانوالہ بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے پنجاب کالج کے طالب علم کے اعزاز میں شاندار تقریب، ضلعی انتظامیہ کے افسران، اساتذہ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار) منڈی بہاؤالدین میں پنجاب کالج کے زیراہتمام بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 1105/1200 نمبر لے کر تیسری اور ضلع منڈی بہاؤالدین میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کمپیوٹر سائنس کے طالب علم ابراہیم جمیل کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کالج آمد پر طالب علم کی حوصلہ افزائی کیلئے گل پاشی کی گئی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ظہیر احمد، محکمہ تعلیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری اورنگزیب، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن محمد ممریز راں، امیدوار برائے قومی اسمبلی ریاض فاروق ساہی سمیت اساتذہ و معززین علاقہ کی کثیر تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔

12th Class 2nd Year Result 2024 Gujranwala Board Gazette Download

مہمانان و شرکاء نے بورڈ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم ابراہیم جمیل کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے طالب علم کا کہنا تھا کہ میں اس کامیابی کو اپنے والدین و اساتذہ کے نام کرتا ہوں جن کی دعاؤں و محنت سے یہ سنگ میل طے ہوا۔ طالب علم نے مستقبل میں کمپیوٹر پروگرامر بن کر ملک کا نام روشن کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

پنجاب کالج کے پرنسپل ملک عدنان حسن نے اس موقع پر کہا کہ ابراہیم جمیل کی کامیابی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ اساتذہ کی انتھک محنت اور منظم طریقہ کار کے تحت تعلیمی عمل کے تسلسل سے طلباء تعلیمی میدان میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہے ہیں۔

پرنسپل نے مزید بتایا کہ پنجاب کالج ضلع کا واحد تعلیمی ادارہ ہے جس کے طلبہ نے تین بار گوجرانوالہ بورڈ میں پوزیشنز حاصل کی ہیں جو ادارہ میں معیاری تعلیم کا واضح ثبوت ہے۔ تقریب میں ہونہار طالب علم کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔ ابراہیم جمیل کو کالج انتظامیہ و مہمانان کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے گئے۔

آخر میں پرنسپل ملک عدنان حسن نے عبدالعزیز گجر، راجہ خالد، منیر احمد باجوہ، محمد مظہر حجازی، ملک محمد فاروق، محمد ہارون، محمد مسعود، کاشف بلوچ، مدثر گل، مظہر میکن، خواجہ تیمور، محمد زوہیب، غلام میراں، سہیل احمد، محمد طارق، عمران کاظمی سمیت دیگر اساتذہ و مہانان اعزاز کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں