مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف سے منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر سابق ایم این اے ناصر بوسال اور پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ سب کو وطن جماعت میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی اکثریت کی نمائندہ اور سب سے بڑی جماعت ہے جو عوام کی خدمت میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کریں گے۔ آپ کی آمد سے پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کی جدوجہد تیز ہو جائے گی۔
ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد رانجھا نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں گے۔ پاکستان اور عوام کی بھلائی صرف ن لیگ کی انتخابی جیت میں ہے۔