Flour is available in abundance at Mandi Bahauddin's 167 sales points

منڈی بہاوالدین کے 167 سیل پوائنٹس پر آٹا وافر مقدار میں موجود ہے

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد ارشد تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ضلع بھر میں عوام الناس کو سبسڈائزڈ آٹا کی فراہمی جاری ہے اور سبسڈائزڈ آٹا ضلع بھر میں وافر مقدار میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کسی بھی جگہ آٹا کی کوئی کمی نہیں ہے۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 27 جنوری 2023) انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں آٹے کے 167 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ 10 ٹرکنگ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں جن پر بلا تعطل سستے آٹے کی سیل جاری ہے۔ مارکیٹ میں دس کلو آٹے کا تھیلا 648 روپے میں دستیاب ہے۔ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر ان پوائنٹس کی نگرانی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری ہدایات پر عمل نہ کرنے والی فلور ملز اور دکانداروں کے خلاف مسلسل ایکشن جاری ہے اور گندم اور آٹے کی خرد برد میں ملوث فلور ملز مالکان کے خلاف مسلسل کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔حکومتی ہدایت کے مطابق دکاندار آٹا لینے والے کا ریکارڈ رجسٹر پر درج کرے گا۔ ہماری ٹیمیں دکانوں پر آٹے کو چیک بھی کریں گی۔

انہوں نے کہاکہ رعائتی نرخوں پر فراہم کردہ گندم اور آٹے کی خرد برد کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کوئی دباﺅ اور بلیک میلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی ایف سی نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی قومی فریضہ سمجھ کر اداکی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اس اہم قومی ٹاسک کو ادا کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیں کیونکہ محکمہ خوراک آٹا مافیا کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعائت نہ برتے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں