برطانیہ: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فوک گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے کنسرٹ میں مداح آپس میں لڑ پڑے، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے حال ہی میں لندن میں ہونے والی ایک تقریب میں گلوکارہ نمرہ مہرا کے ہمراہ اپنی آواز کا جادو جگایا۔ تقریب میں صورتحال اس وقت تلخ ہوگئی جب عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کے مداحوں کی سیکیورٹی اہلکاروں سے جھڑپ ہوئی جس کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار کے مداحوں کا ایک گروپ اسٹیج کے قریب ڈانس کر رہا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کی۔ جس کے نتیجے میں پہلے تو زبانی لڑائی شروع ہوئی اور پھر جلد ہی معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عطا اللہ عیسیٰ خیلوی سٹیج پر بیٹھ کر ساری صورتحال دیکھ رہے تھے اور پھر انہیں مجبوری میں اپنا کنسرٹ روکنا پڑا۔مذکورہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے کنسرٹ کے شرکاء کو جاہل قرار دیا جب کہ کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی شائقین ایسی حرکتیں کرکے اپنے ملک کا نام بین الاقوامی سطح پر خراب کرتے ہیں۔
دوسری جانب عطا اللہ عیسیٰ خیلوی اور گلوکارہ نمرہ مہرا کی جانب سے اس واقعے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔