development work going on in mandi bahauddin

ڈپٹی کمشنر کا ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، ضروری ہدایات جاری

ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے ترقیاتی سکیموں میں پیشرفت کے حوالے سے ڈھل ڈولہ، قادرآباد، نین رانجھا، کدھر غربی، میانہ گوندل، سندا اور گھنیاں کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوں نے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور بعض تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور مسائل کے حل پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 19دسمبر 2022) اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر کوایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے جاری پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ان ترقیاتی منصوبوں پر فزیکل اور فنانشل پراگرایس رپورٹس کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی دوران تکمیل ان کے وقتاً فوقتاً معائنے کو یقینی بنایا جائے، اگر کسی جگہ فنڈز کی کمی بیشی یا دیگر رکاوٹیں حائل ہیں تو ان کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لا کر فوراً ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے۔ غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی سکیموں کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے اور موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے، جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور انجینئرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں کوالٹی، رفتار اور شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جاری ترقیاتی سکیموں کی دوران تکمیل تک ان کے معائنے کو یقینی بنایا جائے۔کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔

انہوں نے کہاکہ کام نہ کرنے یا سست روی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ فنڈز کے اجراء کے بعد ترقیاتی محکموں کے سربراہان جاری منصوبوں کے تمام پہلوﺅں پر کڑی نظر رکھیں تا کہ شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹیم ورک کے تحت مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں