اسلام آباد: سال 2024 کا دوسرا چاند گرہن 17 ستمبر (پاکستانی وقت کے مطابق 18 ستمبر) کو ہوگا جسے پاکستان میں دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ یہ جزوی چاند گرہن ہوگا لیکن یہ کافی خاص ہوگا کیونکہ اس کے ساتھ سپر مون بھی ہوگا۔
سال 2024 کا یہ چاند گرہن امریکا، یورپ، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی اور مشرقی ایشیا کے بیشتر ممالک میں نظر آئے گا جب کہ پاکستان اور بھارت میں اسے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے سائے کے تاریک ترین حصے سے گزرتا ہے اور زمین، سورج اور چاند کے درمیان آجاتا ہے۔ جب سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزرتی ہے تو سرخ روشنی نیلی روشنی سے زیادہ جھک جاتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ چاند گرہن کے دوران سرخ دکھائی دیتا ہے، اور اسے اکثر بلڈ مون کہا جاتا ہے۔