بدھ کو نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں چاندنی چوک میں ایک زیر تعمیر پلازے سے دو نوعمر لڑکوں کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عثمان گجر کے مطابق لاشوں پر بظاہر کوئی زخم نہیں تھا۔ امدادی ٹیموں نے ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ فلک شیر اور 17 سالہ سارم علی کے نام سے ہوئی ہے۔ فلک شیر کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے تھا جبکہ سارم علی فیصل آباد کا رہائشی تھا اور دونوں مقتولین راولپنڈی میں رہتے تھے اور مزدوری کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور متوفی کے اہل خانہ کو ان کی موت کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ ادھر اڈیالہ جیل کا قیدی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔
مخلص نامی قیدی کو چند روز قبل اس کی جسمانی حالت بگڑنے پر جیل سے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وہ تھانہ کینٹ میں درج کار چوری کے مقدمے میں گرفتار ہوا اور اڈیالہ جیل میں قید تھا۔