Assistant Commissioner Aamir Mehmood visited Mandi Bahauddin hospitals

اسسٹنٹ کمشنر عامر محمود کا منڈی بہاءالدین کے ہسپتالوں کا دورہ

اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین عامر محمود نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال، اور سٹی ہسپتال منڈی بہاوالدین کا اچانک دورہ کیا۔ چلڈرن ہسپتال کے دورے کے دوران نئے شروع کردہ ایمرجنسی وارڈ سمیت ، لیبارٹری ، ایکسرے روم ،سی سی ٹی وی سسٹم، نرسری ، فارمیسی ، میڈیسن سٹور سمیت صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا ۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 21 جنوری 2023) اس موقع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر اظہر وحید، ڈاکٹر معین چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بچوں کے والدین سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات اور ادویات کے متعلق بھی دریافت کیا جس پر بچوں کے والدین نے ہسپتال میں مہیا کی جانے والی سہولتوں سمیت ادویات کے حوالے سے اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور وقت کی ضرورت کے تحت نئے ایمرجنسی وارڈ میں اضافہ کی سہولت کو ایک شاندار کاوش قرار دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بہتر انتظامات پر ایم ایس ڈاکٹر اعجاز احمد مغل سمیت ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ کے کام کی تعریف کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال کی مذید بہتری اور ہسپتال میں مریض بچوں سے متعلقہ اور بیماریوں کے خلاف علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کی جارہی ہیں۔ نئے ایمرجنسی وارڈ کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور سٹی ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے دونوں ہسپتالوں کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام کا مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مریضوں سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات کے متعلق بھی دریافت کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اپنے فرائض کو سو فیصد یقینی بنائیں تا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مہیا کی جانے والی طبی سہولیات سے آنے والے مریض زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں