مون سون کا ایک اور مضبوط نظام ملک میں داخل ہونے والا ہے۔ ملک کے کئی اضلاع میں 10 سے 15 جولائی تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 12 سے 14 جولائی تک جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے، بارشوں سے پنجاب کے دریا اور نہریں بہہ سکتی ہیں۔ شہری سیلاب کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ چوکس رہیں اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، جنوب مشرقی سندھ، شمال/جنوب مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث زیریں سندھ اور زیریں بلوچستان کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم کراچی سمیت جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پڈعیدن میں 16، کراچی (سرجانی ٹاؤن 7، گلشن حدید 4، کیماڑی ایک)، ٹنڈو جام 5، چھور 4، شہید بینظیر آباد 2، سیدو شریف، گلگت اور گوپس میں ایک ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔
پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابو تربت میں درجہ حرارت 45، جیکب آباد 44، نوکنڈی، دالبندین 43، سبی، روہڑی، مٹھی اور موہنجو داڑو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔