ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے ضلعی ززعی ایڈوائزری اور ٹاسک فورس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، کسان خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم اپریل 2022 ) انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مہنگی کھادوں کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا، ایسی شکایات موصول ہونے پر پرائس ایکٹ کے تحت جرمانے کے ساتھ گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو معیاری کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی اور معیاری زرعی ادویات کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے۔حکومتی پالیسی کے تحت کاشتکاروں کے مفاد کا بھر پور تحفظ کرتے ہوئے کسی کو بھی مہنگی کھاد بیچنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، زراعت آفیسر، کسان بورڈ کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
اے ڈی سی جی نے کہاکہ کسان کی خوشحالی کا مطلب ملک کی مجموعی ترقی ہے، کسان کی خوشحالی اور زرعی معیشت کی مضبوطی لازم وملزوم ہیں اور کسان کو سہولتیں فراہم کئے بغیر زرعی شعبے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر کسان بورڈ کے نمائندوں نے کسانوں کے مسائل اور ان کے حل کیلئے گزارشات بھی پیش کیں جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو گزارشات حل کرنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے وزیراعظم پاکستان زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کماد کے پیداواری مقابلہ جات 2021-22 کے جیتنے ولے خوش نصیب کاشکاروں کے درمیان چیک تقسیم کئے ۔ جس کے مطابق پہلا انعام عمیر منور ساکن بھیرووال مبلغ 3 لاکھ روپے، دوسرا انعام نذیر احمد ساکن گوجرہ مبلغ ایک لاکھ 50 ہزار روپے اور تیسرا انعام اسرار احمد ساکن پانڈووال بالا مبلغ 75 ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے وزیر اعظم پاکستان زرعی ایمرجنسی پروگرام پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس سے کاشتکاروں اور زراعت کی ترقی کیلئے مختلف پہلووں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے حکومت کے کسان دوست اقدامات کو سراہا۔