منڈی بہاوالدین گندم و کماد پیداوار ی مقابلہ: پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کسانوں میں نقد انعامات اور چیکس تقسیم

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم جولائی2021) ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اور تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار زرعی شعبے کو فوکس کیا گیا ہے ،موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ کسان بھائیوں کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے زیادہ زیادہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت (توسےع) کسانوں کی خدمت کےلئے ہر وقت کوشاں ہیں اور کاشت کار وں کوچاہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولتوں اور سبسڈی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں تحصیل کونسل ہال میں پیداوری مقابلوں میں کامیاب کسانوں کے سیمینار سے خطاب اور انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا ۔محکمہ زراعت(توسےع) کے زیراہتمام گندم اور کماد کے پےداواری مقابلہ جات جیتنے والے کسانوں کو ایوارڈزدینے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ڈائریکٹر زراعت (توسےع) گوجرانوالہ چوہدری جاوید اقبال ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، زراعت آفیسر محمد افضل کے علاوہ کسانوں اور کاشت کاروں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔

ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق زرعی شعبے کی ترقی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور زراعت کے تمام شعبوں کی ترقی کےلئے بجٹ میں خطیر رقم بھی مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عصری تقاضوں کے پیش نظر حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوا ر کرنے کیلئے مشینی طریقہ کاشت کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ چھوٹے کاشت کار ان ثمرات سے بہتر طور پر منستفید ہو سکیں کیونکہ کسان خوشحال ہو گا تو ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ ہماری معیشت کا 70 فیصد زراعت سے وابستہ ہے لہذا زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اپنا کر ہی ہم زرعی معیشت کو آگے لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے کسانوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے جس سفر کا آغاز کیا ہے اس سے ہر کسان کے گھر میں خوشحالی آئے گی۔ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ نے کہاکہ کاشت کاروں کو سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے جس سے آنے والے دنوں میں ان کی فصلات میں اوسط پیداوار میں کئی گنا اضافہ ممکن ہو گا۔

بعد ازاں مختلف فصلات میں اول ، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والے کاشت کاروں میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر 2019-20میں گندم کے پےداوار ی مقابلہ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ثناءاللہ ساہی ساکن ڈھوک کو 3لاکھ ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر اعجاز احمد نمبر دار ساکن گھنیاں کو 2 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر طارق محمود ساکن چوٹ دھیراں کو 1لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈ دیے گئے. اسی طرح پیداوار ی مقابلہ گندم 2020-21 میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پرعمیر منور ساکن بھیروال کو 3لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر ثناءاللہ ساہی ساکن ڈھوک کاسب کو 2لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پرمحمد اشرف ساکن گھنیاں کو 1لاکھ روپے کے چیک اور شیلڈ دیے گئے ۔جبکہ 2020-21کے پیدواری مقابلہ کماد میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر راجہ منظور قادر ساکن چک نمبر11کو 3لاکھ روپے ، دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر ندیم احمد ساکن قادر آباد کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر 75،000روپے کے چیک اور شیلڈدےے گئے۔

اس کے علاوہ فصلوں کے پیداواری مقابلہ جات میں پوزیشنیں حاصل کرنے والوں کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئیں ۔مہمانان گرامی نے کسانوں کو فی ایکڑ پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور محکمہ زراعت (توسیع)کی کارکردگی کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں