ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فریال نعیم نے پولیس افسران کے ہمراہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے ضلع بھر کی مختلف شاہراہوں پر 75 مال بردار گاڑیوں کو اچانک چیک کیا۔
منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12ستمبر 2024) انہوں نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 55 گاڑیوں کے چالان کئے جبکہ 28 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی فریال نعیم کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں آر ٹی اے سیکرٹری کی زیر نگرانی سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں موٹر وہیکل ایگزامینر اور ٹریفک پولیس کے اہلکار شامل ہیں جبکہ مانیٹرنگ کمپلینٹ سیل بھی بنایا گیا ہے جس کا نمبر 03159607729 ہے اور کمپلینٹ سیل پر کی گئی شکایت کا فوری نوٹس لے کر شکایت دور کی جا رہی ہیں۔
آر ٹی اے سیکرٹری نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔