غاروں میں رہائش پذیر اور پتوں کے لباس میں ملبوس حضرت انسان آج ترقی کرتا شیشوں کے محلات اور زرق برق لباس تک پہنچ چکا ہے، اس طویل سفر کے دوران جہاں اسے بے پناہ مادی ترقی حاصل ہوئی وہیں لفظوں، رشتوں اور جذبات کے معنی بھی بدل گئے۔
کبھی کامیابی اطمینان قلب اور دوسروں کے دل جیت لینے کا نام تھا، لیکن بدقسمتی سے آج اس کے معنی یکسر بدل چکے ہیں، اختیارات اور مال و دولت آج زیادہ اہمیت کرچکے ہیں۔ آج انسان کو اس کے اخلاق و اقدار کے بجائے اس کے عہدے اور پیسے سے تولے جانے کی روش عام ہو چکی ہے۔ جس کے پاس جتنا پیسہ ہو وہ اتنا ہی کامیاب تصور کیا جاتا ہے۔
تاہم اس معاملہ میں یہ امر بھی قابل غور ہے کہ معاشی آسودگی کا حصول کسی مذہب، فرقے یا معاشرہ میں ممنوع نہیں، لیکن اگر یہ اپنی محنت کے بل بوتے پر حلال طریقے سے کمایا گیا ہو۔ زندگی کے تمام شعبہ جات میں کامیابی کی سند ہر اس شخص کے پاس ہے، جس کے پاس بے پناہ پیسہ ہے، کیوں کہ یہ پیسہ اس کی کامیابی کی دلیل سمجھا جاتا ہے۔ یوں عصر حاضر میں پیسہ کامیابی کا استعارہ بن چکا ہے۔
2020
ء تقریباً اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور ہر برس کی طرح اس بار بھی فرد سے لے کر اداروں تک ہر کوئی اپنے مال و جائیداد کا حساب لگاتا ہے کہ وہ کتنا کامیاب رہا کیوں کہ جیسے پہلے ذکر ہوا کہ کامیابی کا نام پیسہ ہے۔ انہی شعبہ جات میں ایک شوبز بھی ہے، جہاں کام کرنے والوں کی کامیابی کا اندازہ بھی اسی پیمانے کے مطابق لگایا گیا، یعنی کس اداکار نے کتنا پیسہ کمایا۔ گزشتہ آرٹیکل میں ہم نے اپنے قارئین کو 2020ء کی مہنگی ترین اداکارائوں کے بارے میں بتایا تو اس تحریر میں ہم دنیا کے ان 10 اداکاروں کا ذکر کرنے جا رہے ہیں۔
جنہوں نے سب سے زیادہ پیسہ کمایا۔ اگرچہ کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں2020ء کے دوران معاشی سرگرمیاں بہت متاثر ہوئیں اور نتیجتاً شوبز انڈسٹری کو بھی نقصان کا سامنا رہا لیکن اس دوران اداکاروں و فنکاروں کے لئے نیٹ فلیکس(امریکن پروڈکشن کمپنی، جس کے بینر تلے مختلف فلمیں اور ڈرامہ سیریز بنائی جاتی ہیں اور دنیا بھر میں لوگ انہیں آن لائن دیکھتے ہیں) نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوئی، کیوں کہ اس کی وجہ سے اداکاروں کی کمائی لاکھوں سے کروڑوں ڈالر تک پہنچ گئی۔ آیئے اب ان اداکاروں کے بارے میں جانتے ہیں۔
ڈوئین جانسن
رواں برس سب سے زیادہ کمائی کرنے والے مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں سب سے پہلا نام اس ہالی وڈ سپر سٹار کا ہے، جس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس لئے شامل ہوا کہ اسے اپنی پہلی ہی فلم پر اس قدر معاوضہ ملا، جو آج تک کسی اور اداکار کے حصے میں نہ آیا، جی ہاں! یہ سپر سٹار ڈوئین جانسن المعروف دی راک ہیں، جو 2020ء سے قبل 2016ء اور 2019ء میں بھی سب سے مہنگے اداکار کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ اداکاری کے علاوہ 8 بار ڈبلیو ڈبلیو ای ہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیتنے والے جانسن کو ٹائم میگزین کے 100 بااثر افراد اور ہالی وڈ واک آف فیم میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ 2020ء میں ڈوئین جانسن کی کمائی 87.5 ملین ڈالر رہی، جس میں سب سے زیادہ شیئر یعنی 23.5 ملین ڈالر انہیں نیٹ فلیکس کے بینر تلے بننے والی فلم Red Notice اور ان کے نئے پراجیکٹ Under Armour line, Project Rock سے حاصل ہوا۔
ریان رینولڈز
44 سالہ کینیڈین نژاد امریکی اداکار ریان رینولڈز فوربس کی فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، انہوں نے رواں برس 71.5 ملین ڈالر کمائی کی۔ نیٹ فلیکس کے سنہری لڑکے (Golden Boy) نے 20 ملین ڈالر معاوضہ Six Underground اور Red Notice سے حاصل کیا، رواں برس جولائی میں نیٹ فلیکس نے ریان کے ساتھ تیسری فلم بنانے کی نوید سنائی، جس کا مطلب ان کی کمائی میں مزید اضافہ ہے۔ معروف زمانہ فلم Deadpool سے بے پناہ مقبولیت حاصل کرنے والے اس اداکار کو 2017ء میں ہالی وڈ واک آف فیم میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
مارک ویلبرگ
رواں برس یعنی 2020ء میں نیٹ فلیکس کی تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ایکشن فلم Spenser Confidential رہی، جس کا مرکزی کردار مارک ویلبرگ نے نبھایا اور صرف اس ایک فلم سے مارک کو کئی ملین ڈالر کمائی حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ امریکی اداکار کو ٹی وی سیریز McMillions and Wahl Stree سے بھی اچھا خاصا منافع حاصل ہوا۔ رواں برس ان کی کل کمائی 58 ملین ڈالر رہی۔
بین ایفلیک
فوربس نے امریکی اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بین ایفلیک کو مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر دکھاتے ہوئے ان کی کمائی 55 ملین ڈالر بتائی ہے۔ پیشہ وارانہ زندگی میں تھوڑے توقف سے دوبارہ انٹری ڈالنے والے بین کو رواں برس ریلیز ہونے والی سپورٹس ڈرامہ فلم The Way Back اور نیٹ فلیکس سیریز کی فلم The Last thing He Wanted سے کافی آمدن ہوئی۔ دو بار آسکر ونر رہنے والے ہالی وڈ سٹار اپنے فنی کیرئیر میں درجنوں ایوارڈز سے نوازے جا چکے ہیں۔
وین ڈیزل
اگرچہ منفرد آواز اور انداز کے حامل معروف ہالی وڈ سٹار وین ڈیزل مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر براجمان ہیں، لیکن مبصرین اس کی وجہ ان کی بدقسمتی کو یوں قرار دیتے ہیں کہ معروف زمانہ فلم سیریز Fast and Furious کا نواں باب رواں برس کورونا کی وجہ سے ریلیز نہ ہو سکا اور اس کی ریلیزنگ ڈیٹ آئندہ برس یعنی اپریل 2021ء تک پہنچا دی گئی ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر یہ فلم اسی برس ریلیز ہو جاتی تو ڈیزل سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست میں شائد پہلے نمبر پر ہوتے۔ تاہم رواں برس ان کی کمائی کا سبب پھر بھی نیٹ فلیکس کی اینی میٹڈ فلم سیریزFast & Furious Spy Racers ہی رہی۔ ڈیزل کو ہالی وڈ سٹارز میں ایک امتیاز یہ بھی حاصل ہے کہ وہ کبھی مقدار کے پیچھے نہیں بھاگے بلکہ انہوں نے ہمیشہ معیار کو ترجیح دی، جس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ 1990ء سے اپنے فلمی کیرئیر کی شروعات کرنے والے اداکار کی فلموں کی کل تعداد دو درجن سے زائد نہیں۔ ہالی وڈ سٹار کی رواں برس کمائی 54 ملین ڈالر رہی۔
اکشے کمار
تین دہائیوں سے بالی وڈ پر راج کرنے والے اکشے کمار 2020ء میں بھی مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں، اس فہرست میں وہ واحد ایسے سٹار ہیں، جو ہالی وڈ سے نہیں بلکہ بالی وڈ سے آئے ہیں۔ فوربس نے انہیں رواں برس کمائی کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر براجمان کیا ہے۔ ایکشن ہیرو نے اس برس 48.5 ملین ڈالر کمائے، جس میں بڑا حصہ ان کی پہلی ٹیلی ویژن سیریز The End for Amazon Prime اور مختلف اشتہاری مہمات کی تجدید سے حاصل ہوا، بالی وڈ سٹار کو صرف فلموں ہی نہیں بلکہ مختلف پراڈکٹس کی تشہیر کے لئے بھی اولین ترجیحات میں رکھا جاتا ہے۔
لِن مینوئل میرنڈا
امریکی اداکار و گلوکار لِن مینوئل میرنڈا پہلی بار دنیائے شوبز کے 10 مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوئے، جس کی بڑی وجہ ان کی کامیاب ترین فلم Hamilton ہے، جسے باکس آفس پر 75 ملین ڈالر کمائی حاصل ہوئی۔ فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان میرنڈا کی رواں برس کمائی کا تخمینہ 45.5 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ اداکار نے بیک وقت تھیٹر، فلم اور ٹیلی ویژن کو اہمیت دیتے ہوئے تمام اصناف میں اپنا نام پیدا کیا۔
وِل سمتھ
مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل واحد سیاہ فام امریکی اداکار و پروڈیوسر وِل سمتھ نے رواں برس مختلف مدات میں 44.5 ملین ڈالر معاوضہ حاصل کیا، جس میں بڑا شیئر ان کی آئندہ برس یعنی 2021ء میں آنے والی فلم King Richard کا ہے۔ اس فلم میں سمتھ نے عظیم ٹینس کھلاڑی سیرینا اور وینس کے والد کا کردار نبھایا ہے۔ ہالی وڈ سٹار نے اس فلم کے علاوہ مختلف اشتہاری مہمات اور نئے معاہدوں کے ذریعے پیسہ کمایا۔ سمتھ بیک وقت چھوٹی اور بڑی سکرین کے مقبول ہیرو ہیں۔
ایڈم سینڈلر
مزاحیہ فلموں و ڈراموں سے اپنی پہچان بنانے والی امریکی اداکار و فلم ساز ایڈم سینڈلر کی رواں برس کمائی کا تخمینہ 41 ملین ڈالر لگایا گیا ہے، جس کی وجہ نیٹ فلیکس کو قرار دیا جا رہا ہے۔ نیٹ فلیکس کے بینر تلے بننے والی فلم Murder Mystery میں ایڈم نے مرکزی کردار نبھایا اور اس فلم نے ریکارڈ ساز کامیابیاں سمیٹیں۔ اس فلم کی کمائی کے علاوہ رواں برس کے اوائل میں ہی نیٹ فلیکس نے ان سے مزید چار فلمیں بنانے کا معاہدہ کیا ہے، جس سے انہیں لاکھوں ڈالر آمدن ہوئی۔
جیکی چن
6 دہائیوں سے شوبز کی دنیا سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکار جیکی چن 66 برس کی عمر میں بھی دنیا کے مہنگے ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ آسکر سمیت دنیائے شوبز کا تقریباً ہر ایوارڈ اپنے نام کرنے والے لیجنڈ اداکار کی رواں برس کمائی 40 ملین ڈالر رہی۔ 2020ء میں انہوں نے 5 فلمیں بنائیں اور متعدد معاہدوں پر سائن کئے، جس سے انہیں لاکھوں ڈالر کمائی ہوئی۔