کورونا وائرس کے پیش نظر منڈی بہاوالدین میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین

منڈی بہاﺅالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 29 اپریل 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاہے کہ کوویڈ 19کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تیسری لہر کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، کورونا کی ویکسی نیشن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، ضلع میں چینی اور آٹے وافر مقدار میں موجود ہے اور کوئی قلت نہیں ہے، دیہی اور شہری عوام الناس کی سہولت کیلئے ضلع بھر میں 10دیہی مرکز مال قائم کر کے فنکشنل کر دئیے گئے ہیں،میڈیا کی معاونت سے عوام الناس کو آگاہی ایک مثبت اقدام ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں میڈیا نمائندگان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راجہ منصور علی خان اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے میڈیا نمائندگان کو حکومتی ہدایت کے مطابق پرائس کنٹرول ،چینی ، آٹا ، کورونا ایس او پیز اور کورونا ویکسی نیشن اور دیہی مرکز مال پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایت پر ضلع منڈی بہاﺅالدین میں قائم کئے گئے 4رمضان بازاروں سے 25ہزار صارفین سستے داموں اشیائے خوردونوش سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں اور 65روپے فی کلو سستی چینی سے 65ہزار افراد فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ 34ہزار افراد رمضان بازاروں سے سستا آٹا بھی حاصل کر چکے ہیں اور یہ تمام سروسز صارفین کو رمضان بازاروں میں عزت کے ساتھ میسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کو 62ہزار میٹرک ٹن گندم کا ٹارگٹ ملا ہے جس میں سے 60ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جا چکی ہے جبکہ ضلع کے کسانوں میں میں 30ہزار باردانہ بھی تقسیم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے مذید بتایا کہ ضلع میں گندم کی نقل و حرکت اور ذخیرہ اندوزی پر مکمل پابندی ہے اور اس سلسلے میں ضلع بھر کے گندم کے 105 آڑھتیوں کے لائسنس منسوخ کر دئیے گئے ہیں اور مڈل مین کا کردار مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے جبکہ صرف کسان کو اپنے خاندان کیلئے 50من گندم رکھنے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کارروائیوں کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پرائس مجسٹریٹس نے 38ہزار انسپکشنز کیں ، 3،595دکانداروں کو اوور چارجنگ کرنے پر 86 لاکھ 32ہزار 488 روپے جرمانے کئے گئے اور 184افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا کر گرفتایاں عمل میں لائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پھالیہ: 2 کروڑ مالیت کی ذخیرہ کی جانے والی گندم کی بوریاں برآمد

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی مصدقہ انڈکس کے مطابق پرائس کنٹرول میں تسلی بخش کارکردگی کی وجہ سے ضلع منڈی بہاﺅالدین صوبائی سطح پر چوتھی پوزیشن اور ڈویژنل سطح پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں عوام الناس کو پیش آنے والی مشکلات سے نجات دلانے کیلئے ضلع میں 10دیہی مرکز مال قائم کر دئیے گئے ہیں جہاں سے وہ زمینوں سے انتقالات اور دیگر امورز سے متعلق سہولیات با آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 104دکانوں کو سیل کر کے 14لاکھ 25ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور 98ایف آئی آرز درج کروا کر گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں کورونا ویکسی نیشن سنٹرز پوری طرح فنکشنل ہیں جہاں روزانہ ایک ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہو رہی ہے جبکہ ویکسی نیشن کی وافر مقدار بھی موجود ہے اورابتک 15ہزار افرادکی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے ،40ہزار افراد کے سیمپل لئے گئے جن میں سے 1،673 افراد میں مثبت کورونا ، 1328شفایاب ہو چکے ہیں، 329کیسز میں سے 300افراد ہوم آئیسولیشن جبکہ 29 ڈی ایچ کیو میں زیر علاج اور روبصحت ہیں اورگزشتہ 24گھنٹوں میں 2افراد کی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

طارق علی بسرا نے کہاکہ حکومتی ہدایت کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بالخصوص ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح میڈیا کے مثبت کردار کی وجہ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ عوام الناس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنا بھر پور قلیدی کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں