نیو آر ایچ سی ہسپتال مرالہ 65.457ملین روپے کی لاگت سے مکمل، ڈپٹی کمشنر کا دورہ

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24 فروری2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے نئے تعمیر شدہ رورل ہیلتھ سنٹر مرالہ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،ڈی او بلڈنگ قرار شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نےنئے تعمیر شدہ آر ایچ سی شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوڈی او بلڈنگ قرار شاہ نے بتایا کہ نیو آر ایچ سی مرالہ 65.457ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ، اب یہ آپریشنل کرنے کیلئے مکمل تیار ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے نئے تعمیر شدہ آر ایچ سی کے مختلف رومز اور شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے وہاں پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کیلئے 11تعمیر شدہ رہائش گاہوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈی او بلڈنگ اور صحت کے افسران کو نئے آر ایچ سی کی چھتوں کی صفائی کی ہدایت کی اور وہاں پر تعمیر شدہ تمام عمارتوں کی خصوصی دیکھ بھال کا بھی حکم دیا ۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت مرالہ کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ ادویات کا سٹور ،ایمرجنسی وارڈاور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ادویات اور مریضوں کو دستیاب سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لہذٰا ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور مریضوں کے ساتھ اعلیٰ اخلاق کے ساتھ پیش آئیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں