منڈی بہاوالدین ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بغیر ریفلیکٹرز، بیک لائٹس کے چلنے والی 34ٹرالیوں کے چالان کر دئیے

منڈی بہاوالدین ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بغیر ریفلیکٹرز، بیک لائٹس کے چلنے والی 34ٹرالیوں کے چالان کر کے 88ہزار 500روپے جرمانہ کر دیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04 جنوری 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کی ہدایت پرسیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر نے بغیر ریفلیکٹرز اور بیک لائٹس کے چلنے والی 34ٹرالیوں کے چالان کر کے 88ہزار 500روپے جرمانہ کر دیا۔ دریں اثناءصوبائی حکومت کی ہدایت پر کرشنگ سیزن کے دوران حادثات سے ممکنہ بچاﺅ کیلئے صوبے بھر کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی گنے کی ٹرالیوںکے پیچھے ریفلیکٹرزاور بیک لائٹیں کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔

یہ بات سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے ڈپٹی کمشنر کو خلاف ورزی کی مرتکب ٹرالیوں کے خلاف کاروائی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتائی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریفلیکٹرز اور بیک لائٹس لگانے کامقصد رات کے اوقات میں ڈرائیور اپنے آگے جانے والی گاڑی کو باآسانی دیکھ سکتا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آسکتی ہے اور ٹریفک کے عمل میں بہتری اور آسان بنایا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرائیور حضرات شدید دھند اور رات کے اوقات میں لگائی گئی لائٹوں کو آن رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کرشنگ سیزن میں ٹرالیوں پر لائٹیں اور ریفلیکٹر لگانے کی مہم کی وجہ سے حادثات میں نمایاں کمی ہوگی اور یہ مہم شہریوں کی قیمتی جانوں کو بچانے میں معاون و مددگار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے آگاہی وقت کا اہم تقاضا ہے اور آپ کی حفاظت کی ضامن ہے کیونکہ ٹریفک حادثات کو ٹریفک قوانین پر مکمل عمل پیرا ہو کر ہی ختم کیا جا سکتا ہے ۔

طارق علی بسرا نے کہا کہ نوجوان نسل خصوصاً کالج و سکول کے طلباءاس سلسلہ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کر کے ہم اپنی اور دوسروں کی زندگی بچا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں